فٹبال فاراسکولز،پاکستان سپورٹس بورڈکافیفا کی دعوت پرخیرمقدم

پاکستان سپورٹس بورڈ کا ‘فٹبال فار اسکولز’ پروگرام کے لیے فیفا کی دعوت پر خیرمقدم،فیڈریشن کی بحالی کے بعد فٹبال کی درست سمت میں پیش رفت قرار

 

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو فیفا کی جانب سے ‘فٹبال فار اسکولز’ (Football for Schools – F4S) پروگرام میں شرکت کی خصوصی دعوت کو ایک مثبت اور بروقت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔

پی ایس بی کے مطابق حالیہ انتخابات کے بعد فٹبال فیڈریشن کی باقاعدہ تشکیل اور مکمل فعال حیثیت حاصل کرنا پاکستان میں فٹبال کے لیے ایک نیا آغاز ہے، اور فیفا کی یہ دعوت ملک میں فٹبال کو اسکول سطح پر فروغ دینے کے لیے سنہری موقع ہے۔ اس پروگرام میں پاکستان کی شرکت کی صورت میں ملک بھر کے 4 سے 14 سال کے بچوں کے لیے 1,64,940 فٹبالز فراہم کی جائیں گی، جبکہ 50,000 امریکی ڈالر کی ایک مرتبہ گرانٹ بھی دی جائے گی تاکہ اس پروگرام کا آغاز مؤثر طریقے سے کیا جا سکے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ “یہ ایک درست سمت میں قدم ہے۔ فٹبال فیڈریشن کی تنظیمِ نو کے بعد اب ہمارے پاس موقع ہے کہ اسکول سطح پر کھیلوں کو دوبارہ فعال کیا جائے، صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور نئی نسل کو کھیل کے میدان سے جوڑا جائے۔”

پروگرام کے تحت اسکولز اور اساتذہ کو ‘فٹبال فار اسکولز’ کی خصوصی موبائل ایپ تک رسائی دی جائے گی، جس میں تربیتی مواد اور تدریسی رہنمائی شامل ہو گی۔ ساتھ ہی، فیفا ماہرین کی ٹیم پاکستان میں آن گراؤنڈ یا آن لائن ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد بھی کرے گی تاکہ فزیکل ایجوکیشن انسٹرکٹرز کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن اس بین الاقوامی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور ملک میں فٹبال کے روشن مستقبل کی بنیاد اسکولوں سے رکھی جائے گی۔

پاکستان سپورٹس بورڈکافیفا کی دعوت پرخیرمقدم
Comments (0)
Add Comment