ترقیاتی توازن کاعزم:محروم علاقوں کیلئے اربوں کے منصوبے
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے
مشیرِ وزیرِاعظم پاکستان برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، شبیر احمد عثمانی کی ملاقات، ملاقات میں مشیر وزیر اعظم نے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوۓے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی کے لیے تاریخی اور قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے پی ایس ڈی پی (PSDP) کے تحت 48، 48 ارب روپے جبکہ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے لیے 68 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنا علاقائی یکجہتی، قومی ہم آہنگی اور ترقیاتی توازن کی عملی تصویر ہے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے لیے 32 ارب، گلگت بلتستان کے لیے 22 ارب، اور ضم شدہ اضلاع کے لیے 65 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ یہ رقوم ان علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم، اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔وزیراعظم کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کے تحت آزاد کشمیر کے لیے 5 ارب اور گلگت بلتستان کے لیے 4 ارب روپے بھی بجٹ میں شامل کیے گئے ہیں جو ان خطوں کی ترجیحی بنیادوں پر تعمیر و ترقی کا مظہر ہیں۔
مشیرِ وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ اعلانات نہ صرف قائدِ ایوان کی علاقائی ترقی سے وابستگی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ ملک کے محروم طبقات کو قومی دھارے میں لانے کے عزم کی بھی روشن دلیل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔