پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کے دوسرے ایڈیشن کی سافٹ لانچ تقریب کا انعقاد
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کے دوسرے ایڈیشن کی سافٹ لانچ کی تقریب کا انعقاد۔ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان، محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعظم کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا۔ PIMEC-2025 کا انعقاد 3 سے 6 نومبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ وزیر اعظم شہباز شریف نے PIMEC کے ذریعے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے مواقع اجاگر کرنے پر پاک بحریہ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکٹر میں منافع بخش سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تجارت کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سمندر قوموں کو قریب لاتے ہیں، اور اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے سمندروں کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔
پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی امن، استحکام اور نظم و نسق کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ سمندری دائرہ کار پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ انہوں نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے نہ صرف “معرکہ حق” میں اپنی سمندری سرحدوں کا بہترین دفاع کیا بلکہ پاکستان کے سمندری مفادات کو فروغ دینے میں ہمیشہ بہترین کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل پر روشنی ڈالی جو ہماری قومی معیشت میں بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شپ بریکنگ صنعت کی ترقی، ٹرانس شپمنٹ بندرگاہیں، ماہی گیری کی صنعت، ساحلی سیاحت، واٹر اسپورٹس اور ایکوا کلچر چند ایسے شعبے ہیں جو خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ وزیر اعظم نے بہترین نتائج کے حصول کے لیے میری ٹائم انڈسٹری میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بحری شعبے کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کی صلاحیت کو بروئے کار لانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتی رہےگی۔ مہمان خصوصی نے امید ظاہر کی کہ PIMEC کے ذریعے وجود میں آنے والی نئی راہیں پاکستان کے باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی امن اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کے مطلوبہ اہداف میں معاون ثابت ہوں گی۔
قبل ازیں، وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انوار نے مہمان خصوصی، پاک بحریہ کے سربراہ اور تمام معزز مہمانوں کا اس تقریب کو رونق بخشنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ PIMEC پاکستان کا ایک اہم ایونٹ ہے جو قومی اور بین الاقوامی سمندری صنعت کی جدید ترین ٹیکنالوجی کی نمائش کے لیے راہیں کھولے گا۔