ٹرمپ پر فائرنگ کرنیوالےحملہ آور سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئیں
واشنگٹن(کشمیر ایکسپریس نیوز)سابق امریکی صدرپر فائرنگ کرنیوالے حملہ آور سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے وہ زخمی ہوگئے اور فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص بھی ہلاک ہوا جبکہ حملہ آور کو فورا ہی مار دیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا 20 سال کا مقامی نوجوان تھا جس کی شناخت تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی ہے جو یاست پینسلوینیا کا ہی رہائشی ہے۔
تاہم ابھی حملہ کرنے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے۔امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں مشتبہ حملہ آورنے اکیلے سب کچھ کیا، حملہ آور کے سوشل میڈیا اکائونٹس سے کوئی دھمکی آمیز موادنہیں ملا۔
ایف بی آئی کا کہنا تھا کہ بم اسپیشلسٹ نے حملہ آور کی گاڑی سے مشکوک ڈیوائس قبضے میں لے لی، حملہ آور نے جو بندوق استعمال کی اسے اس کے والد نے قانونی طور پر خریدا تھا۔
اس کے علاوہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا کہ حملہ آور تھامس کروکس کا کوئی فوجی بیک گرائونڈ نہیں، حملہ آور کی گاڑی میں دھماکا خیزاشیا بھی تھیں،
گاڑی ٹرمپ کی ریلی کے مقام سے نزدیک پارک تھی۔امریکی سینیٹ کی ہوم لینڈسکیورٹی کمیٹی ٹرمپ پرقاتلانہ حملے اورسکیورٹی کی ناکامی کی تحقیقات کرے گی۔