عاصم منیر نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بےنقاب کیا: چوہدری انوار الحق
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، پاک فوج کے سربراہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر دوٹوک موقف اپنانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،
میری ٹائم وارئیرز کی پریڈ سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کردیا ہے کہ ہمارا دشمن بھارت تکبر اور غرور کے نشے میں مبتلا ہے،
فیلڈ مارشل نے دنیا پر واضح کردیا کہ بھارت جس جدوجہد کو دہشتگردی کہتا ہے وہ ایک قانونی اور آزادی کی جائز جدوجہد ہے، فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے جدوجہد کشمیر کو دہشتگردی قراردینے کی مذموم سازش کو بھی ناکام بنایا ہے،
فیلڈ مارشل نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کردیا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل نہیں نکلتا، جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا، کشمیری عوام مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،
بھارت کو دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، آزادی کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور تحریک تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی، شہدائے کشمیر اور مسلح افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت کا خطے پر تسلط کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا کے سامنے کشمیریوں کی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کر کے پاکستان کے دیرینہ اور دوٹوک موقف بارے ایک بار پھر دنیا کو آگاہ کردیا ہے،
فیلڈ مارشل کا مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف کشمیریوں سے پاکستان کی لازوال محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ کشمیری تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” کا سید علی گیلانی کا نعرہ ہر پیر و جوان کے دل کی آواز ہے،