پاک فوج کے ہوتے دشمن کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے، لطیف اکبر
مظفرآباد (سٹاف رپورٹر) سپیکر قانون سازاسمبلی آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے بنوں چھائونی پر دہشتگردوں کے حملہ کے دوران 8فوجی جوانوں کی شہادت پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے
کہ شہداء ہمارا فخر اور مان ہیں ۔ شہداء کی ارفاء قُربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، یہ عظیم قُربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پاک افواج ہمیشہ کی طرح دہشت گردوںکا پوری طاقت ،دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت سے مقابلہ کر رہی ہیں اور امن و سلامتی کے دُشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔
پاک افواج دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گی۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے شہداء کے بلندیء درجات اور لواحقین کے لیئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
15جولائی کوبنوں کنٹونمنٹ پرخودکش حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہدا کو سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید،حوالدار شہزاد احمد شہید، حوالدار ظلِ حسین شہید، سپاہی ارسلان اسلم شہید، سپاہی اشفاق حسین خان شہید، سپاہی سبحان مجید شہید، سپاہی امتیاز خان شہید اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کےلانس نائیک سبز علی خان شہید کو سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئرافسران، جوانوں، لواحقین اور علاقہ عمائدین نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔