پاکستان ہمیشہ سب سے پہلے رکھنا ہوگا،پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس

پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اسے ہمیشہ سب سے پہلے رکھنا ہوگا: پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس

 

بریڈفورڈ (بیورو رہورٹ ) فیصل مسجد اسلام آباد کے گرینڈ امام اور دعوہ اکیڈمی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام معروف سماجی شخصیت اشفاق مغل اور پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکرٹری زاہد مغل نے کیا، جنہیں حال ہی میں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

 

تقریب میں بریڈفورڈ کے لارڈ مئیر کونسلر محمد شفیق، سابق لارڈ مئیر راجہ غضنفر خالق، سابق مئیر آف کیتھلے چوہدری گلفراز حسین، محمد آصف جدون، چوہدری ذوالفقار سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ڈاکٹر محمد الیاس کی علمی خدمات، اتحادِ امت کے فروغ اور اسلام کے پیغامِ امن کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔

 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اسے ہمیشہ سب سے پہلے ہونا چاہیے۔ شخصیات اور اداروں کی حیثیت پاکستان کے مقابلے میں ثانوی ہے۔ نوجوان نسل کو دینی و عصری علوم کے امتزاج کے ساتھ آگے بڑھانا اور وطن سے محبت کو اپنا قومی شعار بنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں پاکستانیوں کو تعلیم اور مختلف شعبوں میں ترقی کے ساتھ مثبت کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ان کی کامیابیاں صرف ذاتی نہ رہیں بلکہ پاکستان کے وقار کا باعث بھی بنیں۔ “دیارِ غیر میں دینی ماحول دیکھ کر دل کو خوشی ہوئی کہ یہاں رہنے والے اپنی اسلامی اور قومی پہچان کو فراموش نہیں کر رہے۔

 

پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے اس موقع پر زاہد مغل کو ستارۂ امتیاز کے لیے نامزد کیے جانے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی خدمات اور کامیابیوں کا کھلا اعتراف ہے جو ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔
جب پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس پرل ٹی پیٹسری پہنچے تو زاہد مغل اور فیضان مغل نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے والہانہ استقبال کیا۔ انہوں نے تمام میزبانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان ہمیشہ سب سے پہلے رکھنا ہوگاپروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس