بریڈفورڈ قونصلیٹ میں میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی روح پرور محفل، علما و شعرا کے خطابات
بریڈفورڈ (نمائندہ خصوصی ) قونصلیٹ آف پاکستان بریڈفورڈ میں میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی پرنور اور عظیم الشان محفل منعقد ہوئی، جس میں مرد و خواتین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے اور محمد سبحان کی روح پرور تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جب کہ نظامت کے فرائض ڈپٹی قونصل جنرل سرفراز احمد نے انجام دیے۔
قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآنِ کریم نے واضح پیغام دیا ہے کہ حضور اکرم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت العالمین ہیں۔ آپ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ بہترین اُسوہ اور کامل نمونہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو سنوار سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حافظ محمد آزاد نے کہا کہ قرآنِ مجید انسانیت کو بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب ایک دوسرے سے محبت، خیر خواہی اور بھلائی بانٹنے کی تعلیم دیتا ہے، یہی پیغام ہمارے معاشرتی مسائل کے حل اور اتحادِ امت کی بنیاد ہے۔
معروف عالمِ دین علامہ جان عابد زیدی نے کہا کہ حضورِ پرنور ﷺ کی اس دنیا میں تشریف آوری ایک انقلابی واقعہ تھا، جس نے انسانیت کو روشنی اور مساوات کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ نے بالخصوص خواتین کو حقوق عطا کر کے معاشرے کو ایک نئی سمت دی۔ مقررین نے زور دیا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا، اس لیے اس میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ آج پاکستان کو اتحاد، یکجہتی اور اسلامی نظام کے نفاذ کی ضرورت ہے۔
تقریب میں پاکستان سے تشریف لائے معروف نعت خواں احمد رضا قادری نے اپنی خوبصورت نعتیہ کلام سے محفل کو گرما دیا۔ اس موقع پر یارکشائر ادبی فورم کی ٹیم بھی موجود تھی، جس میں فورم کی چیئرپرسن تسنیم حسن، مہ جبین غزل انصاری اور سمعیہ ناز نے بھی نعتیہ کلام پیش کر کے سامعین سے داد وصول کی۔
قونصل جنرل نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ محفل کا اختتام درود و سلام اور اجتماعی دعا پر ہوا۔
تقریب میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں زاہد مغل (ستارہ امتیاز)، محمد سلطان محمود (ستارہ امتیاز)، کونسلر محسن، آصف خان، قاری محمد عباس، سابق لارڈ میئر رنگ زیب چوہدری اور دیگر شامل تھے۔ مہمانوں نے قونصلیٹ میں میلاد النبی ﷺ کے شاندار انعقاد پر قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی اور ان کے عملے کو مبارک باد پیش کی۔