اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس ، کشمیری 27 ستمبر کو احتجاجی مظاہرہ کریں گے
یاسین ملک ، شبیر شاہ ، مسرت عالم بٹ احتجاج کی قیادت کریں گے ڈاکٹر غلام نبی فائی
واشنگٹن (کے پی آئی) بھارتی وزیر خارجہ کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر امریکہ میں مقیم کشمیری نیویارک میںبھارت کے خلاف احتجاج کریں گے ۔
امریکہ میں قائم تنظیم ورلڈ کشمیر ایوائیرنس فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کشمیر پر بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ امکان ہے بھارتی وزیر خارجہ 27 ستمبر کو خطاب کریں گے اسی روز کشمیری احتجاج کریں گے۔ اس مظاہرے کی قیادت پابند سلاسل کشمیری رہنما یاسین ملک ، شبیر شاہ ، مسرت عالم بٹ کریں گے۔ بالکل اسی طرح جس طرح نیلسن منڈیلا جیل میں ہوتے ہوئے نسل پرستی کے خلاف احتجاج کی قیادت کرتے تھے ۔
قابل ذکر ہے کہ جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے سربراہان مملکت اور سر براہان حکومت کے بارے میں جاری کردہ نئی عارضی فہرست کے مطابق مودی کی جگہ بھارتی وزیرخارجہ جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف 26 ستمبر کی صبح دوسرے مقرر ہونگے جبکہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہوپہلے اور چین کے وزیر اعظم اس روز خطاب کرنے والے تیسرے مقرر ہونگے۔ برطانیہ کے وزیراعظم پانچویں مقرر ہونگے۔ بھارتی وزیراعظم کی جگہ بھارتی وزیر خارجہ 27 ستمبر کو 19 ویں مقرر کے طور پر خطاب کریں گے