میرپور میں الحاق پاکستان ریلی،آزاد ی کے حصول تک جدو جہد جاری رکھیں گے،ڈپٹی کمشنر
میرپور( بیورو رپورٹ) یوم الحاق پاکستان کے موقع ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام الحاق پاکستان ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر محمود ، ایس ایس پی کامران علی اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے کی
جبکہ اس موقع پر ایس پی خاور علی شوکت،پرنسپل محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر ، افسر مال سید کلیم عباس شاہ ،اسسٹنٹ کمشنر میرپور راجہ زاہد حسین ،
اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ یاسر آفتاب گردیزی ، ڈپٹی ڈائریکٹر لبریشن سیل سردار عظیم سرور ،انجمن تاجراں کے صدر سہیل شجاع مجاہد ، ٹیکس آفیسر چوہدری محمد بشارت
ممتاز شاعر سردار فاروق جرال ، ملازمین تنظیموں کے نمائندہ قیصر شیراز کاظمی ،بلدیہ ملازمین تنظیم کے صدر راحیل بٹ کے علاوہ وکلاء ،صحافیوں ،سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
ریلی ضلع کچہری،میاں محمد روڈ سے ہوتی ہوئی جب چوک شہیداں پہنچی تو ایک بڑے جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔شرکاء ریلی نے پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور تیرا میرا رشتہ کیا لا الہ الااللہ،پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الااللہ،ہم ہیں پاکستانی پاکستان ہمارا ہے،پاکستان کے لئے ہماری جان بھی قربان،کشمیر بنے گا پاکستان ، پاکستان زندہ آباد،پاک فوج زندہ آ باد کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں جس کا فیصلہ ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان سے پہلے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کرکے کیا تھا اورکشمیر کے مستقبل کی سمت کا تعین کیا تھا اس پر پوری کشمیری قوم کاربند ہے اور اس کے حصول تک کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ازل سے جن خوانی رشتوں میں باندھے ہوئے ہیں انہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہ کرسکتی۔کشمیریوں کی منزل پاکستان اور کشمیر ی پا کستان کا دفاعی حصار ہیں۔
مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیر یو ں کی آ زادی کا ضامن ہے۔شہداء کشمیر کی قربانیوں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے ان شہداء کی قربانیوں کے صدقے انشاء للہ کشمیریوں کو اپنے مسلمہ حق خودارادیت کے باعث آزادی ملے گئی اور اس کا الحاق پاکستان سے ہوگا۔
اس موقع پر انجمن تاجراں کے صدر سہیل شجاع مجاہد نے مختلف قراردادیں پیش کیں جنھیں اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ۔جن میں اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کے پیدائشی اور مسلمہ حق حق خود ارادیت دلوانے کے لیے ممکنہ اقدامات بروئے کارلائے جس کا وعدہ نہ صرف UNCIP کی قراردادوں میں کیا گیا ہے
بلکہ خود ہندوستان کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے کشمیریوں کو بنیادی حق دینے کا وعدہ کیا تھا۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ آج کا یہ اجتماع مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ
مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورت حال کا فوری نوٹس لے اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کرے۔ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ آج کا یہ اجتماع ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کالے قوانین، پر امن شہریوں پر تشدد، گرفتاریوں اور پیلٹ گن کے ذریعے پر امن مظاہرین کو بصارت سے محروم کرنے جیسے انسانیت سوز مظالم کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔
ایک اور قرارداد میں 5 اگست 2019 ء سے تا حال مسلسل کرفیو کے نفاذ سے ریاست جموں و کشمیر کو بدترین جیل میں تبدیل کرنے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی جیسے غیر انسانی افعال کی بھر پور مذمت کی گئی اور اقوام عالم بالخصوص بین الاقوامی طاقتوں سے اپنا کردار ادا کرنے کی پرزور اپیل کی گئی ۔
ریلی کے اختتام پر بلدیہ ملازمین تنظیم کے صدر راحیل احمد بٹ نے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی، پاکستان کی سلامتی ترقی، دفاع، شہداء کشمیر و پاکستان کے درجات کی بلندی و عالم اسلام کے مسلمانوں کے لیے دعائیں کیں ۔