حکومت آزاد کشمیرکے عوام کی توقعات پرپورا اترے گی،فیصل راٹھور

حکومت آزاد کشمیرکے عوام کی توقعات پرپورا اترے گی،فیصل راٹھور

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے جموں کشمیر ہاؤس میں آبائی حلقے حویلی سے وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں کوٹلی سے نصیر راٹھور ،حویلی سے گلزار راٹھور ، بابو سفیر راٹھور ،منظور لون ایڈووکیٹ ،عارف ڈار ،عتیق راٹھور ،زبیر راٹھور ،رضوان بخآری ،شفیق بزمی و دیگر شامل تھے ۔

 

وفد نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔اس موقع پر شیخ شکیل ایڈووکیٹ ،صوبیدار(ر) عارف مغل ،جمیل مغل اور احمد مغل نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

 

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح عوام کا اعتماد بحال کرنا اور ریاستی محرومیوں کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محدود وقت میں دن رات کام کریں گے اور ان کے اقدامات عملی طور پر نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے روڈز، ہسپتالوں، تعلیم اور دیگر فلاحی منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ بلاتفریق خدمت کا مشن جاری رہے گا اور حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت نے سرکاری ڈھانچے کی بہتری، بھرتیوں میں شفافیت اور اقربا پروری کے خاتمے کا عزم کیا ہے۔

 

وزیراعظم نے ملاقاتوں میں عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اللہ نے یہ موقع دیا ہے کہ وہ ریاست کی محرومیوں کو دور کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں اصلاحات، شفافیت اور احتساب کے نظام کو مضبوط بنایا جائے گا ، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر فوکس کیا جائے گا ،

 

عوامی بہبود کو یقینی بنانے کیلیے غریب اور متوسط طبقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، خصوصاً مہنگائی اور بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسیاں بنائی جائیں گی ۔وزیر اعظم نے عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔

 

انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ عوام کے وزیر اعظم ہیں اور ان کی حکومت کا دروازہ ہر شہری کے لیے کھلا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت میں اقربا پروری اور بدعنوانی کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور تمام وسائل عوامی بہبود پر صرف کیے جائیں گے۔

·

حکومت آزاد کشمیرکے عوام کی توقعات پرپورا اترے گیفیصل راٹھور