چوہدری غلام عباس کشمیر میں دو قومی نظریہ کے محافظ تھے۔ وہ الحاق پاکستان کے مضبوط داعی تھے،فیصل راٹھور
مظفر آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرفیصل ممتاز راٹھورنے کہاہے کہ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کشمیر میں دو قومی نظریہ کے محافظ تھے۔ وہ الحاق پاکستان کے مضبوط داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے۔
ان کے کردار کی شفافیت ہم سب سیاسی کارکنان کے لیے ایک مثال ہے۔رئیس الاحرار کی برسی پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ پوری کشمیری قوم کے لیڈرتھے جنہو ں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کررکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک با اعتماد ساتھی اور تحریک پاکستان کے ایک انتھک سپاہی کی حیثیت سے نظریہ پاکستان کی سربلندی کے لئے جو جرات مندانہ جدوجہد کی وہ بلاشبہ تاریخ کشمیر اور پاکستان کا ایک سنہری باب ہے۔
آزادی کشمیر کی جدوجہد میں کشمیری قائد چوہدری غلام عباس کی خدمات بھی ہمارے ذہنوں میں جگمگاتی رہیں گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مرحوم کشمیری لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری غلام عباس کا شمار قائداعظمؒ کے بااعتمادساتھیوں میں ہوتا تھا۔
پاکستان کے ساتھ والہانہ عقیدت کا یہ ثبوت ہے کہ انہوں نے اسلام اباد میں دفنائے جانے کی وصیت کی۔ رئیس الاحرار صاحب کردار، باعمل اوربااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملت کیلئے انتہا درجہ کی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے۔
چوہدری غلام عباس نے مسلمانان کشمیر کی درست سمت میں رہنمائی کی اور انہیں ایسا پلیٹ فارم دیا جس سے انہوں نے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ قائد ملت نے کانگرس اور شیخ عبداللہ کے نظریات کا انتہائی دانشمندی اور دلیری سے مقابلہ کیا۔
کشمیری مہاجرین کی پاکستان میں اباد کاری میں انہوں نے نہ صرف بھرپور کردار ادا کیا بلکہ اپنے دامن کو ہر قسم کے لالچ اور ذاتی فائدے سے پاک رکھا۔ انہوں نے کہاکہ رئیس الاحرار کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے کردار کو ہم اپنی زندگیوں میں اپنائیں۔
جس طرح انہوں نے نظریاتی و فکری جدوجہد کی اور جس طرح حکومت آزاد کشمیر کے سپریم ہیڈ اور مہاجرین کی آبادکاری کی کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر کردار اور عمل کی شفافیت کا نمونہ پیش کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزادی کشمیر اور نظریہ تکمیل پاکستان کا چوہدری صاحب کا خواب اور جدوجہد انشاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہو گی۔