حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے پوری طرح کمر بستہ ہوچکی ،فیصل راٹھور
مظفرآباد( وقائع نگار) وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر ریاست میں سیاحت کو پروان چڑھانے،
سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور محفوظ سفری سہولت پہنچانے کے لیے پوری طرح کمربستہ ہو چکی ہے۔
ریاست کے مشہور ترین سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی رسائی کو یقینی اور محفوظ سفر بنانے کے لیے تمام اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ ریاست بھر کی تمام مصروف ترین اہم شاہرات اور لوکل گورنمنٹ کے ذریعے تعمیر ہونے والی سڑکوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے حکومت کی جانب سے گزشتہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے۔ جس کا بہترین اور صحیح طریقے سے استعمال کرنے کے لیے از خود کام کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں مون سون کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو پوری طرح متحرک کر دیا گیا ہے۔
جس کے لیے بھاری مشینری سمیت دیگر ساز و سامان سے لیس متعلقہ اداروں کے سربراہان از خود اپنے فرائض منصبی پوری تندہی سے سرانجام دے رہے ہیں۔
جس کی مانیٹرنگ کے لیے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر اقتدار مظفرآباد کے چار بڑے نالوں کے علاوہ دریا کناروں پر ہونے والی تجاوزات و دیگر صفائی ستھرائی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے از خود جائزہ لے رہا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نالوں اور دریاؤں کے کناروں پر آباد غیر قانونی طور پر رہائش اختیار کرنے، غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو نوٹس جاری کرنا شروع کر دیے ہیں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔
یہ صرف عوام کی جان و مال کو تحفظ پہنچانے کی ایک کوشش ہے۔ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ سیاح متعلقہ محکموں کی ویب سائٹ پر جا کر موسم کے تناظر میں اپنی سیاحتی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے سیاحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے کسی بھی حصہ میں جانے سے قبل محکمہ ٹورازم آزاد کشمیر کی ویب سائٹ کا بغور جائزہ لے لیں۔
انہوں نے ریاست کے رہنے والوں سے بھی یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاحوں کی عزت نفس سمیت ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔