مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتازراٹھور نے کہا ہے کہ ریاست میں بحران کو ختم کرنے کیلئے حویلی کے منتخب نمائندے کو موقع دیا گیا ہے کہ جو اہلیان حویلی کے لیے باعث اعزاز ہے ،
میرے منصب سنبھالنے کے بعد کے اثرات و ثمرات تاو بٹ سے حویلی تک دیکھے جا سکتے ہیں ۔ایل او سی پر حویلی یونیورسٹی کا قیام ناممکنات میں تھا جو اللہ نے ہمارے ذریعے ممکن بنایا ،
گزشتہ دور حکومت میں جب ریاست بھر میں ایک پرائمری سکول تک نہیں دیا گیا حویلی کو یونیوسٹی ملی ، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ابھی حویلی بھی نہیں پہنچا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دانش سکول حویلی کا تحفہ دیا گیا ،
دانش سکول میں غریب والدین کے بچے اُس تعلیمی معیار اور سہولیات کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے جو معیار اور سہولیات ایچی سن کالج جیسے اداروں میں ہے اور جہاں عام آدمی کے بچوں کا تعلیم حاصل کرنا ایک خواب تھا۔
یہ سب اللہ رب العزت کا خاص کرم اور اہلیان حویلی کے اعتما د کا نتیجہ ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے حویلی سے مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیات اختیار کرنیوالے کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی مبشرمنیر اعوان اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے قریبی ساتھی حولدار محمد صدیق شیخ بھی موجود تھے ۔
حویلی سے مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر محمد بشیر فاروقی ، محمد مشکور فاروقی، احمد فاروقی، فاروق فاروقی، محمد رفیق فاروقی، محمد حسیب فاروقی، محمد سجاد فاروقی، محمد فرید فاروقی، خواجہ مختار ، نمبردار ذوالفقار اعوان، محمد شفیع، مرتضیٰ اعوان اور نمبردار محمد اشرف ودیگر نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیات اختیار کی اور وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور پر اعتماد کا اظہارکیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ موجودہ حکومت صرف چھ ماہ کیلئے نہیں بلکہ آنیوالی پانچ سالہ حکومت کا آغاز ہے ،حویلی کو ماڈل ضلع بنائیں گے ،
حویلی کو تعلیمی مرکز بنا دیا گیا ہے ، آنیوالے دنوں میں حویلی میں مزید منصوبہ جات بھی دینگے ۔ اہلیان حویلی پر بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نئے شامل ہونے والے کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے گھر میں آئے ہیں ، آپ نے جس اعتماد کا مجھ پر اظہار کیا ہے انشاء اللہ اس پر پورا اتریں گے ۔