عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی ناقابل برداشت،فیصل راٹھور

عوامی مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،فیصل راٹھور

 

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے حویلی کے نمائندہ وفد نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لیے دن رات محنت کی جائے گی اور عوامی مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ علاقے میں تعلیم، صحت، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

 

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر میں شفاف طرزِ حکمرانی، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے گی۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

 

ملاقات کے دوران وفد نے حویلی کے عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفد کے تحفظات غور سے سنے اور متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

وفد کے اراکین نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے دورِ حکومت میں آزاد جموں و کشمیر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی ناقابل برداشتفیصل راٹھور