آصفہ بانو کا قتل انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے، وزیراعظم

آصفہ بانو کا قتل کشمیری معاشرے اور انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچی آصفہ بانو کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور نام نہاد جمہوریت کے کھوکھلے دعوؤں کا واضح ثبوت ہے۔

آصفہ بانو کا قتل صرف ایک معصوم جان کا ضیاع نہیں بلکہ پورے کشمیری معاشرے اور انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور بے گناہ شہریوں، بالخصوص بچوں کو منظم طور پر نشانہ بنانا بھارتی ریاستی پالیسی کا حصہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصفہ بانو کے قتل نے دنیا کے سامنے بھارت کے جمہوری چہرے سے نقاب ہٹا دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیری عوام کی آواز دبانا چاہتا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، مگر عالمی برادری کی خاموشی بھارت کو مزید شہہ دے رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لے اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ معصوم آصفہ بانو کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو ایسے مظالم کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی حکومت ہر فورم پر کشمیری عوام کا مقدمہ پوری قوت کے ساتھ اجاگر کرتی رہے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہید آصفہ بانو کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

آصفہ بانو کا قتل انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہےآصفہ بانو کے بہیمانہ قتلوزیراعظم