پلندری میں پی ٹی آئی کا سیاسی پاور شو، ہزاروں افراد کی تاریخی شمولیت، گرینڈ پروگرام جلسہ عام میں تبدیل
سردار جنید الطاف کی قیادت میں ہزاروں افراد پی ٹی آئی میں شامل، عمران خان و عبد القیوم نیازی پر مکمل اعتماد کا اظہار
پلندری (کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے پلندری میں شاندار سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی منظرنامہ بدل دیا۔
حلقہ پلندری سے سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سردار جنید الطاف کی قیادت میں ہزاروں افراد نے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر میں شمولیت اختیار کر لی، جس کے باعث گرینڈ شمولیتی پروگرام ایک بڑے جلسہ عام کی شکل اختیار کر گیا۔
مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان، وکلا، سول سوسائٹی، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے قائد پاکستان عمران خان، صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی اور دیگر مرکزی قائدین پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
جنید ہاؤس پلندری میں منعقدہ عظیم الشان شمولیتی پروگرام کے مہمان خصوصی صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی تھے، جن کی پنڈال میں آمد پر تاریخ ساز استقبال کیا گیا جبکہ عمران خان کی رہائی کے لیے فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔
تقریب کی صدارت ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالرازق نے کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری مقبول گجر، جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف میر عتیق الرحمن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید اظہر گیلانی، ممبر کشمیر کونسل و مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سردار رزاق، ضلعی صدور ملک نثار، چوہدری آصف، سردار ثاقب شاہین، سردار ماجد شریف، جنرل سیکرٹری ضلع پلندری سردار فراز، آئی ایس ایف آزاد کشمیر کے صدر سردار فیضان، سابق پریس سیکرٹری حبیب احمد، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار فیضان بٹ، سابق چیئرمین معائنہ عملدرآمد کمیشن سردار الطاف حسین اور دیگر سینئر قائدین بھی شریک تھے۔
سردار جنید الطاف کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد ان کے تمام ساتھیوں، کارکنان اور حامیوں نے ان کی قیادت میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ حلقے کی نو یونین کونسلز اور ٹاؤن سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایک متفقہ قرارداد پیش کی گئی جسے شرکاء نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ہاتھ بلند کر کے منظور کیا۔ قرارداد میں عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیران کی رہائی کا مطالبہ،قائد پاکستان عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں جاری سٹریٹ موومنٹ کی مکمل حمایت، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر وسابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اعلان شامل تھا۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آنے والا وقت پاکستان تحریک انصاف کا ہےکارکنان اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق قائم رکھیں فیصلے میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بوگس مقدمات میں اس ملک کے غریب عوام کی خاطر جیل میں قید ہیں، مگر مردِ آہن جیل میں بیٹھ کر بھی مخالفین کو تگنی کا ناچ نچا رہے ہیں۔ سٹریٹ مارچ تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور آزاد کشمیر کا ہر طبقہ اور پی ٹی آئی کا ہر کارکن اس تحریک میں صفِ اول کا کردار ادا کرے گا۔
صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں پارٹی کی قیادت سونپی گئی مگر عوام کی محبت، اعتماد اور جذبے نے کبھی مایوس نہیں ہونے دیا۔ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہر فرد کو عزت دی جائے گی۔
انہوں نے سردار جنید الطاف کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر جیت کر اسمبلی میں جانے والے اب عوام کا سامنا کرنے سے قاصر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تنویر الیاس کو وزارت عظمیٰ کا ووٹ بھی عمران خان کے حکم پر دیا گیا تھا۔سردار عبد القیوم نیازی نے مزید کہا کہ عمران خان وہ واحد قومی لیڈر ہیں جنہوں نے ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی بھرپور ترجمانی کی اور آئندہ بھی جرات مند کشمیریوں کی مضبوط آواز بن سکتے ہیں۔
کشمیری عوام اپنے محسن کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشکل ترین دور میں ہزاروں افراد کا قافلوں کی صورت پی ٹی آئی میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی ایک نظریاتی اور عوامی جماعت ہے۔
پی ٹی آئی کے خاتمے کے دعوے کرنے والے دراصل پی ٹی آئی سے خوفزدہ ہیں۔ انشاء اللہ پی ٹی آئی کے ٹائیگرز مخالفین کو عبرتناک شکست دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل صرف اور صرف پاکستان تحریک انصاف کا ہے، جیت نظریہ عمران خان، جیت آئین و قانون کی بالادستی کی ہو گی اور آنے والے دنوں میں مخالفین کو بڑے سرپرائزز ملیں گے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف الیکٹیبلز کی نہیں بلکہ عوام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔