میرپور: وزیر صحت نے ٹیچنگ ہسپتال میں جدید سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا
میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد کشمیرکے وزیر صحت عامہ و بہبود آبادی سید بازل علی نقوی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر وزیر صحت کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران وزیر صحت نے ہسپتال میں جاری فیز ٹو کے ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے مقررہ اہداف کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ لی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیز ٹو کے تحت مختلف شعبہ جات کی توسیع، جدید طبی آلات کی تنصیب اور مریضوں کے لیے سہولیات میں بہتری شامل ہے۔
وزیر صحت سید بازل علی نقوی نے سی سی ٹی وی کنٹرول روم کے قیام کو ہسپتال میں نظم و ضبط، شفافیت اور سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی صحت کے شعبہ کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور کو خطے کا ایک مثالی طبی ادارہ بنایا جائے گا۔