تعلیم گھر کی دہلیز پر کے  تحت AIOU سال 2024 کی داخلہ مہم کا آغاز

تعلیم گھر کی دہلیز پر کے  تحت AIOU سال 2024 کی داخلہ مہم کا آغاز

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر نثار محمود کا ریجنل کیمپس مظفرآباد کا دورہ۔ یونیورسٹی کے سلوگن ”تعلیم گھر کی دہلیز پر” کے تحت سال 2024 کی داخلہ مہم کا آغاز کردیا۔ ریجنل کیمپس مظفرآباد پہنچنے پر وائس چانسلر کا ریجنل ڈائریکٹر محترمہ شازیہ صدیق نے استقبال کیا۔ وائس چانسلر نے ریجنل کیمپس مظفرآباد کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ریجنل ڈائریکٹر محترمہ شازیہ صدیق سمیت ٹیوٹرز، امتحانی سٹاف اور طلبہ سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر”تعلیم گھر کی دہلیز پر” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نثار محمود نے کہا کہ ریجنل کیمپس مظفرآباد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے بہت پرانے ریجنل آفسز میں سے ایک ہے۔ میرا یہاں آنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلبہ وطالبات کو یونیورسٹی میں داخلہ لینے اور فراہم کردہ سہولیات کے بارہ میں آگاہی دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے طلبہ محنتی اور ذہین ہیں انکے لیے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی انکی دہلیز پر تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ اب آن لائن سٹیڈی نے تعلیم کا حصول مزید آسان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا معیار تعلیم اور ڈگری کسی بھی دیگر یونیورسٹی سے کم نہیں ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف کی گول کوالٹی ایجوکیشن میں شرکت کرنے والی دنیا کی 14سو یونیورسٹیوں میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اس سال اور پچھلے سال پہلے نمبر پر رہی ہے جو ہمارے معیار کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت ہمیں فنی تعلیم کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ طلبہ کو ہنرمند بنا کر بیروزگاری کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔ طلبہ کے لیے میرا پیغام ہے کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس کو اپنا کر ہم ملک کو درپیش مسائل کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ملک محمد طارق نے کہا کہ ریجنل کیمپس مظفرآباد کی کارکردگی بہترین ہے۔ یہاں ہر سمسٹر میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ داخلہ لے رہے ہیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک کے دور دراز علاقوں میں معیار تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ فاصلاتی اور سستے نظام تعلیم کیوجہ سے ان طلبہ کو بھی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع مل رہے ہیں جو تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمیشن سید ضیاء الحسنین نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا نظام تعلیم بہت آسان اور معیاری ہے۔ جو لوگ ملازمت پیشہ ہیں یہ کسی اور کام میں مصروف ہیں وہ بھی یہاں سے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ ہمارا نظام تعلیم میں بہت flexibilityہے۔ اسوقت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ملک بھر میں 54ریجنل دفاتر کام کر رہے ہیں جبکہ 10 لاکھ 27ہزار طلبہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ یونیورسٹی میں داخلہ کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے اور اب آن لائن داخلہ کی سہولت موجود ہے۔ مختلف کورسز کی کتابیں آن لائن دستیاب ہیں جبکہ ورکشاپس بھی آن لائن منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای لرننگ نے تعلیم کا حصول مزید آسان بنا دیا ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جدید طریقہ سے ملک کے طول عرض میں معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر محترمہ شازیہ صدیق نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر اور انکی ٹیم کی مظفرآباد آمد اور طلبہ، ٹیوٹرز اور امتحانی سٹاف سے ملاقات اور انکے مسائل معلوم کرتے ہوئے انکے حل کی یقین دہانی کرونا خوش آئند ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ٹیچنگ میٹریل بہترین ہے جس سے دیگر یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی استعفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر نے ہمارے امتحانی طریقہ کار کی شفافیت کو سراہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریجنل کیمپس مظفرآباد کا قیام 1985میں عمل میں لایا گیا تھا جو اسوقت 6117 مربع کلومیٹر کے اندر طلبہ کو بہترین انداز میں انکی دہلیز پر تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ سال 2010 میں ریجنل کیمپس مظفرآباد کی اپنی سٹیٹ آف دی آرٹ بلدڈنگ کی تعمیر مکمل کی گئی۔ جہاں دفاتر کے علاوہ لائبریری، کمپیوٹر لیب، ویڈیو کانفرنس ہال کے علاوہ سپیشل بچوں کے لیے سینٹر بھی موجود ہے۔ ریجنل کیمپس کے زیر اہتمام 9 امتحانی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور پارٹ ٹائم ریجنل کوآرڈینیٹرز کی تعداد 6 ہے۔ انہوں نے کہا ریجنل کیمپس مظفرآباد ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ایجوکیشن سینٹر ہے جہاں ہر سمسٹر میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ داخلہ لیتے ہیں، اسوقت ریجنل کیمپس کے ساتھ 1559 پروفیشنل ٹیوٹر منسلک ہیں۔ ریجنل کیمپس میں پہلی مرتبہ بی۔ایس کمپیوٹر سائنس، انسٹرکشنل ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی کی ریگولر کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے یہاں طلبہ وطالبات کو ریگولر کلاسز لینے کہ سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس کوالٹی آف ایجوکیشن پر ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا شمار اسوقت فاصلاتی نظام تعلیم میں دنیا کے بڑی جامعات میں ہوتا ہے جو ہمارے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں علاقہ اقبال اوپن یونیورسٹی بہترین انداز میں طلبہ کو انکی دہلیز پر تعلیم کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ مستقل میں ہم ریجنل کیمپس کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ وطالبات کو تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر آسکے۔

AIOUتعلیم گھر کی دہلیزتعلیم گھر کی دہلیز پر کے  تحت AIOU سال 2024 کی داخلہ مہم کا آغازسال 2024 کی داخلہ مہم کا آغازعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹیوائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر نثار محمود کا ریجنل کیمپس مظفرآباد کا دورہ۔