برٹش کونسل پاکستان کےکنٹری ہیڈکی وفاقی وزیرتعلیم سےملاقات

برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ہیڈ کی وفاقی وزیر اور سیکریٹری تعلیم سے ملاقات

 

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی سے، سیکریٹری، وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (MoFEPT) ندیم محبوب سے برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ہیڈ جیمز ہیمپسن و دیگر ذمہ داران ملاقات کی۔

 

ملاقات میں سینئر جوائنٹ سیکریٹری وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت آفتاب رشید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) جناب غلام علی ملاح اور ڈپٹی سیکریٹری امارہ نسیم بھی موجود تھیں۔

 

جیمز ہیمپسن نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس (IPEMC) کے کامیاب انعقاد پر وفاقی وزیر اور سیکریٹری کو مبارکباد دی اور تعلیمی شعبے میں ہم آہنگی اور اصلاحات کے فروغ کے لیے اس کانفرنس کے ایجنڈے کی اہمیت کو سراہا۔

 

اس موقع پر سیکریٹری MoFEPT جناب ندیم محبوب نے برٹش کونسل کے وفد کو حالیہ IPEMC اجلاس میں زیرِ بحث آنے والے اہم نکات اور منظور کی گئی قراردادوں سے آگاہ کیا۔

 

جیمز ہیمپسن نے وفاقی وزیر اور سیکریٹری کو صوبوں میں تکنیکی تعلیم کے شعبے میں برٹش کونسل کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات اور معاونت، نیز ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے ساتھ اشتراکِ عمل سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے جاری منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت اور مستقبل میں تعاون کے ممکنہ شعبوں سے بھی آگاہ کیا۔

 

جیمز ہیمپسن نے کہا کہ برطانوی جامعات پاکستان میں تعلیمی شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو سراہ رہی ہیں اور انہوں نے پاکستان میں کیمپس قائم کرنے اور آن لائن کورسز متعارف کرانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاکہ وہ طلبہ جو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرونِ ملک جانے کے متحمل نہیں ہو سکتے، مستفید ہو سکیں۔

 

برٹش کونسل کے وفد نے حکومتِ پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون اور معاونت کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص غیر رسمی تعلیم (Non-Formal Education) کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے، جبکہ تکنیکی اور اعلیٰ تعلیم میں موجودہ اشتراکِ عمل کو بھی مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کے کچی آبادیوں (Slums) میں قائم تعلیمی اداروں کو متعلقہ تکنیکی اور ہنر مندی کے فریم ورک کے تحت منسلک کیا جائے گا،

 

جس کا مقصد محروم اداروں کو قومی دھارے میں شامل کرنا، معیارِ تعلیم اور سرٹیفکیشن کو بہتر بنانا، اور ان علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ہنر پر مبنی اور غیر رسمی تعلیمی مواقع تک رسائی کو فروغ دینا ہے۔

برٹش کونسل پاکستان کےکنٹری ہیڈکی وفاقی وزیرتعلیم سےملاقات