حویلی میں صحت کا انقلاب، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال خورشید آباد کا افتتاح کر دیا
حویلی / خورشید آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دورہ حویلی کے موقع پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال خورشید آباد کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر خورشید آباد میں منعقدہ عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد وزیراعظم نے ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور فیتہ کاٹ کر اس اہم صحت منصوبے کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اطلاعات و مذہبی امور و اوقاف چوہدری محمد رفیق نیئر، مسعود ممتاز راٹھور، ممبران ضلع کونسل، ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس اور دیگر سرکاری و پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات، دستیاب آلات اور عملے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال خورشید آباد کا قیام حویلی کے عوام کے لیے ایک تاریخی تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کے فعال ہونے سے علاقے کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
حویلی سمیت دیگر اضلاع میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہسپتال کو جدید سہولیات، تربیت یافتہ عملہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام مل کر ہی ترقی کا سفر آگے بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حویلی کو صحت، تعلیم اور ترقی کے حوالے سے ایک مثالی ضلع بنا
یا جائے گا۔