کوٹلی میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ناقص اشیاء تلف
کوٹلی(کشمیر ایکسپریس نیوش)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی ضلع کوٹلی نے آج مختلف علاقوں میں مؤثر اور بھرپور کارروائی عمل میں لائی۔ کارروائی کے دوران تتہ پانی، سہنسہ اور کالا ڈب میں فوڈ بزنس پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔
معائنے کے دوران ناقص اور ایکسپائرڈ اشیائے خوردونوش کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ کارروائی ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر منور احمد چوہان کی نگرانی میں انجام دی گئی، جبکہ ٹیم میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز یاسر فیاض، حبیب الرحمان، راجا بابر، علی یار اور اورنگزیب شامل تھے۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اس قسم کی کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔