ڈڈیال میں انسانیت سوز واردات، عمران طیب کا بہیمانہ قتل

ڈڈیال میں انسانیت سوز واردات، عمران طیب کا بہیمانہ قتل، لاش ریت میں دفن کر دی گئی

ڈڈیال (کشمیر ایکسپریس نیوز)میں قتل کی لرزہ خیز واردات ، پی ٹی آئی ضلع میرپور کے سینئر نائب صدر طیب احمد انصاری کے بیٹے اور ممبر تحصیل پریس کلب ڈڈیال وقاص انصاری کے چھوٹے بھائی عمران طیب کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

 

واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقتول کی نمازِ جنازہ آج ہفتہ کو ڈڈیال میں ادا کی جائے گی۔

 

تفصیلات کے مطابق عمران طیب کی تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ مقتول کے بھائی وقاص انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب رات تقریباً سوا آٹھ بجے عمران طیب اپنی دکان پر موٹر سائیکل کھڑی کر کے وقاص نامی دوست کے ساتھ گاڑی میں روانہ ہوئے، جس کے بعد ان کا موبائل فون بند ہو گیا۔ اہلِ خانہ نے رات بھر انہیں تلاش کیا، تاہم کوئی سراغ نہ مل سکا۔

 

آج تھانہ پولیس ڈڈیال کے ذریعے اہلِ خانہ کو اطلاع دی گئی کہ عمران طیب کو قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو گولی مار کر قتل کیا گیا اور لاش کو ریت میں چھپا دیا گیا تھا، جو بعد ازاں چمیاری کے علاقے سے برآمد ہوئی۔

 

لاش کو پولیس کی نگرانی میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈڈیال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

 

 

پولیس نے وقاص ولد ارشد ساکن چمیاری کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور اس مرحلے پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہے۔

 

پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر اصل حقائق عوام کے سامنے لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

 

واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی، جس کے بعد ہزاروں افراد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے۔ نوجوان کی المناک موت پر فضا سوگوار ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے جبکہ اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

 

مقتول کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی، جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

اہلِ علاقہ اور شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس لرزہ خیز قتل کی شفاف اور فوری تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

ڈڈیال میں انسانیت سوز وارداتعمران طیب کا بہیمانہ قتل