برازیل کے چیف آف اسٹاف کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ،ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) برازیل بحریہ کے چیف آف اسٹاف ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سنتانا مینڈس (Andre Luiz Silva Lima De Santana Mendes) نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی ۔
نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی ۔
برازیل بحریہ کے چیف آف اسٹاف نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔
بعد ازاں برازیل نیوی کے چیف آف اسٹاف ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سنتانا مینڈس نے نیول چیف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اموربشمول دوطرفہ بحری اشتراک اور خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں بحری افواج کے درمیان تربیت، دوروں کے تبادلے اور دو طرفہ بحری مشقوں کے انعقاد سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت کی گئی۔
نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
دورے پر آئے ہوئے معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی حمایت میں پاک بحریہ کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
برازیل کے چیف آف سٹاف کا حالیہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بالعموم اور دفاعی افواج کے درمیان بالخصوص باہمی تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔