اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سید کلیم عباس شاہ کی زیرِ صدارت پانچ فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا
سماہنی(کشمیر ایکسپریس نیوز)اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سید کلیم عباس شاہ کی زیرِ صدارت پانچ فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا،
جس میں مختلف سرکاری محکموں، بلدیاتی نمائندگان، سول سوسائٹی، تاجر تنظیموں، مذہبی شخصیات، نوجوانوں اور صحافتی حلقوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔۔
اجلاس میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر کو بھرپور قومی و ملی جذبے کے ساتھ منانے کے لیے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پانچ فروری کی صبح دس بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، جبکہ سماہنی پل پر انسانی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں شہری، نوجوان اور طلبہ رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کریں گے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ پولیس کی بھاری نفری امن و امان اور سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔ سکولز اور کالجز کے طلبہ کی بھرپور شرکت کو بھی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے آفیسران اور نوجوان بھی یومِ یکجہتیٔ کشمیر کی تقریبات میں شرکت کریں گے جبکہ بلدیاتی نمائندگان عوام الناس کے ہمراہ مختلف پروگرامز میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان اور کشمیر کے قومی پرچم سرکاری و نجی عمارتوں، چوراہوں اور اہم مقامات پر آویزاں کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے مرد و خواتین پر مشتمل سینکڑوں بائیکرز کا قافلہ چار فروری کو بابِ کشمیر سے بھمبر میں داخل ہوگا، جس کا شاندار استقبال جنڈی چونترہ کے مقام پر کیا جائے گا۔ ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سید کلیم عباس شاہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے تمام انتظامات بروقت، مؤثر اور منظم انداز میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ فروری کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی، قومی عزم اور جدوجہد آزادی کے عہد کی تجدید کا دن ہے، جسے مکمل نظم و ضبط، امن اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ منایا جائے گا۔