آزاد کشمیر میں آپٹیکل فائبر کے اہم منصوبے کی منظوری

آزاد کشمیر میں آپٹیکل فائبر کے اہم منصوبے کی منظوری،ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی،فیصل راٹھور

 

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو یہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ ریاست میں آپٹیکل فائبر بچھانے کے بڑے اور اہم منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

 

اس اہم موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ اہم منصوبہ آزاد کشمیر کو ڈیجیٹل ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔

 

اربوں روپے کا یہ منصوبہ جس پر عید کے فوری بعد کام شروع ہو جائے گا سے نہ صرف تیز رفتار اور معیاری انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنائے گا بلکہ تعلیم، صحت، ای گورننس اور کاروباری شعبے میں جدید سہولیات کے فروغ کا باعث بنے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ہمارے نوجوان اس منصوبے سے براہِ راست مستفید ہوں گے اور آئی ٹی کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

 

آزادجموں و کشمیر میں جب سے انٹرنیٹ کی سہولیات متعارف ہوئی ہیں یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت نے اپنے عوام خاص طور پر طلباء اور پروفیشنل افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنے کیلیے فائبر آپٹیکل بچھانے کا منصوبہ منظور کیا جس کا کریڈٹ ایک مرتبہ پر پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت کو جاتا ہے

 

انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر چیف سیکرٹری خوشحال خان ،سیکرٹری اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی، محمد راشد حنیف اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جن کی محنت۔اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت یہ اہم منصوبہ ممکن ہوا۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کا ہر شہری ڈیجیٹل دنیا سے جڑا ہو اور ترقی کے ثمرات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔ان شاء اللہ، یہ منصوبہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا۔

آزاد کشمیر میں آپٹیکل فائبر کے اہم منصوبے کی منظوری
Comments (0)
Add Comment