ہائی کمشنرکینیااورٹیریسول انتظامیہ کی اہم ملاقات

ہائی کمشنر اور ٹیریسول انتظامیہ کی ملاقات، تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال

 

نیروبی، کینیا (کشمیر ایکسپریس نیوز)کینیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سبریر حسین خان اور کمرشل کونسلر عدیلہ یونس نے ٹیریسول پرائیویٹ لمیٹڈ کے عہدیداروں منصور خان، عامر احمد اور ڈاکٹر نوید اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشرقی افریقی خطے میں تجارت کے فروغ اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اس موقع پر دونوں جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے نجی شعبے کے کردار کو مؤثر بنایا جائے۔ ہائی کمشنر سبریر حسین خان نے کہا کہ مشرقی افریقہ ایک ابھرتی ہوئی منڈی ہے جہاں پاکستانی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری اور برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں کینیا کے ذریعے پورے خطے تک اپنی رسائی بڑھا سکتی ہیں۔

 

کمرشل کونسلر عدیلہ یونس نے ٹیریسول پرائیویٹ لمیٹڈ کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی تجارتی مشن کینیا میں کمپنی کو ٹیکنالوجی، انوویشن اور دیگر متعلقہ شعبوں میں کام کرنے والی کینین ٹیک کمپنیوں اور اداروں سے جوڑنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سیکشن پاکستان اور کینیا کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

 

ٹیریسول پرائیویٹ لمیٹڈ کے عہدیداران منصور خان، عامر احمد اور ڈاکٹر نوید اقبال نے کینیا اور مشرقی افریقی خطے میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی خطے میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں اور تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی روابط کے ذریعے نئی تجارتی راہیں ہموار ہوں گی۔

 

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مستقبل میں بھی قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

 

ہائی کمشنراورٹیریسول انتظامیہ کی اہم ملاقات
Comments (0)
Add Comment