طلبہ،عوامی فلاح و بہبود ،خواتین کو بااختیار بنانا اولین ترجیح ،فیصل راٹھور
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پی ایس ایف (پاکستان سٹوڈنٹس فیڈریشن) آزادکشمیر کے چیئرمین کوآرڈینیٹر ہمراہ وزیراعظم سردار فوزیب خان کی قیادت میں وفد نے جموں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پی ایس ایف کے سیکرٹری جنرل ارباز مصطفیٰ، ڈپٹی چیف آرگنائزر بلال کاظمی، سیکرٹری سوشل میڈیا عبید صادق، راجہ حسیب ایڈووکیٹ، خان نواب، دانیال بیگ، افضال حیدر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر شاہین کوثر ڈار نے بھی ملاقات کی۔۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چییرمین علماء و مشائخ صاحبزادہ ذوالفقار علی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پرمشیر حکومت سردار احمد صغیر، سابق مشیر مرتضی درانی، چیف ایڈیٹر فریڈم پوسٹ شہزاد راٹھور اور محمد علی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر ٹکٹ ہولڈر وادی 5 راشد سلام بٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں پیپلز پارٹی ضلع اسلام آباد کے صدر صوفی اصغر گجر،چوہدری جمیل اصغر،حاجی صدیق اور عمر ریاض بھی موجود تھے۔اس موقع پر سابق وزیر جاوید بٹ بھی موجود تھے۔وزیراعظم کے ساتھ تمام وفود کی ملاقاتوں میں ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال موجود تھے۔
طلباء وفد سے ملاقات کے دوران طلبہ یونین کی بحالی، نصاب میں بہتری، ٹیکنیکل ایجوکیشن اور دیگر طلبہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ?خیال کیا گیا۔
وفد نے وزیرِ اعظم کو طلبہ کی موجودہ مشکلات اور ان کے حل کے لیے ممکنہ تجاویز سے آگاہ کیا، جس میں تعلیمی معیار کی بہتری، ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت کے فروغ، اور طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے اقدامات شامل تھے۔
وزیرِ اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے طلبہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی اور نصاب میں اصلاحات سے نہ صرف تعلیمی معیار بلند ہوگا بلکہ طلبہ میں قائدانہ اور عملی صلاحیتوں کی بھی تربیت ممکن ہوگی۔
وزیرِ اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے جامع اور عملی پالیسی تیار کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارت حاصل کر سکیں اور مقامی و عالمی سطح پر تعلیمی و پیشہ ورانہ مقابلہ میں بہتر مقام حاصل کریں۔
وزیرِ اعظم نے وفد سے کہا کہ طلبہ اپنے خیالات اور تجاویز مسلسل حکومت کے ساتھ شیئر کریں تاکہ پالیسیاں عملی بنیادوں پر مؤثر ثابت ہوں۔وفد نے کامیاب اوورسیز کنونشن پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت کی 100 دن کی کارکردگی سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا مورال بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔دریں اثناء وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے نو منتخب صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر خواتین ونگ محترمہ شاہین کوثر ڈار نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران خواتین کا سیاسی کردار، تنظیمی امور اور آزادکشمیر میں پارٹی کی فعالیت کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے محترمہ شاہین کوثر ڈار کو نو منتخب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرے اور سیاست میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ان کی فعال شمولیت سے جمہوری عمل مزید مضبوط ہوگا۔
اس موقع پر خواتین ونگ کی تنظیم سازی، عوامی مسائل کے حل میں کردار اور پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
شاہین کوثر ڈار نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں حکومت کی 100 دن کی کارکردگی کو سراہا اور اس کامیابی کو 2026 کے انتخابات کی کامیابی کی نوید قرار دیا۔محترمہ شاہین کوثر ڈار نے وزیراعظم کو گلدستہ بھی پیش کیا۔
ادھر چیئرمین علماء و مشائخ صاحبزادہ ذوالفقار علی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ علماء و مشائخ معاشرے کی اصلاح، امن و رواداری کے فروغ اور نئی نسل کی درست رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت ریاست میں دینی و عصری تعلیم کے فروغ، مساجد و مدارس کے مسائل کے حل اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے علماء کرام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فرقہ واریت، انتہاپسندی اور نفرت انگیز رویوں کے خاتمے کے لیے منبر و محراب کا مثبت کردار ناگزیر ہے اور علماء کرام کو چاہیے کہ وہ اتحادِ امت، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مذہبی اداروں کی فلاح و بہبود اور دینی خدمات کے اعتراف کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔چییرمین علماء و مشائخ نے وزیراعظم کو 100 دن کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے اہداف کامیابی سے حاصل کر رہی ہے۔
راشد سلام بٹ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور ریاست میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور بلاتخصیص ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے وفد کے مسائل و تجاویز غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی جائیں گی تاکہ درپیش مسائل کو جلد حل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام اور نمائندوں سے مسلسل رابطے پر یقین رکھتی ہے اور مشاورت کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔راشد سلام بٹ نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
دریں اثناء وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے سابق ممبر اسمبلی شہزادہ کوثر گیلانی نے ملاقات کی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اشتیاق گیلانی بھی موجود تھے۔
انہوں نے وزیراعظم کو گلدستہ پیش کیا اور مبارکباد دی۔ادھر اوورسیز پیپلز پارٹی کے رہنماء عمر ریاض نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی گلدستہ پیش کیا اور مبارکباد دی۔