راولاکوٹ شہر میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل

راولاکوٹ شہر میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل

 

راولاکوٹ (بیورورپورٹ) شہر میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل، ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز حسین کاظمی کے مؤثر اقدامات رنگ لے آئے

 

شہر راولاکوٹ میں ٹریفک کا سنگین مسئلہ عرصہ دراز سے شہریوں کے لیے دردِ سر بنا ہوا تھا۔ بے ہنگم پارکنگ، سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں اور شدید رش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا،

 

جس کے نتیجے میں نہ صرف روزمرہ کے امور متاثر ہوتے تھے بلکہ تعلیمی اداروں، دفاتر اور کاروباری مراکز تک بروقت پہنچنا بھی ایک چیلنج بن چکا تھا۔

 

تاہم ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز حسین کاظمی نے اس اہم مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کا آغاز کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد شہر کے مختلف مقامات پر باقاعدہ پارکنگ ایریاز مختص کر دیے،

 

جہاں گاڑیوں کی منظم پارکنگ کو یقینی بنایا گیا اور ٹریفک پولیس کے الہکار مسلسل نگرانی کر رہے ہوتے ہیں اگر کوئی گاڑی غلط پارک کر رہا ہو تو اس کو سمجھاتے ہیں ۔ اس اقدام کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہوں اور بازاروں میں ٹریفک کے بہاؤ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

 

شہریوں اور تاجروں نے ڈپٹی کمشنر کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ میں پہلی مرتبہ ٹریفک کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کی گئی ہے۔ منظم پارکنگ کے باعث نہ صرف ٹریفک کا دباؤ کم ہوا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آئی ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئی ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز حسین کاظمی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی متحرک نظر آتی ہے۔ حالیہ دنوں شہر کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تو ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو متحرک کیا

 

اور ریسکیو کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔ ذرائع کے مطابق وہ مسلسل موقع پر موجود افسران سے رابطے میں رہے اور صورتحال پر براہِ راست نظر رکھی، جس کے باعث بروقت اقدامات ممکن ہوئے اور نقصان کو محدود رکھنے میں مدد ملی۔

 

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پونچھ کی فعال اور متحرک قیادت کے باعث ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

راولاکوٹ شہر میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل
Comments (0)
Add Comment