سردار شاہ ولی خان کی تعلیمی خدمات کا اعتراف ، گورنمنٹ ہائی سکول پٹولہ ٹائیں ان کے نام سے منسوب
راولاکوٹ(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر نے عوامِ علاقہ اور سکول مینجمنٹ کمیٹی کے مطالبے پر مرحوم سردار شاہ ولی خان کی گراں قدر تعلیمی خدمات کے اعتراف میں گورنمنٹ ہائی سکول پٹولہ ٹائیں، ضلع پونچھ کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرحوم سردار شاہ ولی خان نے 1935ء میں عوامِ علاقہ کی مشاورت اور تعاون سے پٹولہ ٹائیں کے مقام پر ایک پرائمری سکول قائم کیا اور مسلسل دس برس تک رضاکارانہ طور پر فی سبیل اللہ بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرتے رہے۔ بعد ازاں 1945ء میں معززینِ علاقہ کے پُرزور مطالبے پر حکومتِ وقت نے اس نجی تعلیمی ادارے کو سرکاری تحویل میں لے لیا، جبکہ سردار شاہ ولی خان کو اسی ادارے کا پہلا سرکاری معلم مقرر کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سکول کو ان کے نام سے منسوب کرنا اہلِ علاقہ کا دیرینہ مطالبہ تھا، عوامِ علاقہ نے حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مرحوم کی بے لوث تعلیمی خدمات کا برمحل اعتراف قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے علاقے میں تعلیمی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔