عمران خان کے بغیر سیاسی و معاشی استحکام ناممکن ہے،عبدالقیوم نیازی
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی سے پی ٹی آئی حلقہ ایل اے 22 پونچھ 5 کے پارٹی زعما نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں عمران خان کی رہائی ، تنظیمی امور ، آمدہ الیکشن سمیت اہم امور تفصیلی گفتگو کی گئی
شرکا نے قائد پاکستان عمران خان کی رہائی اور آمدہ الیکشن کی تیاری کیلئے بھرپور جدوجہد کا عزم کیا اور کہا کہ حلقہ 5 میں پی ٹی آئی منظم اور مضبوط ہے۔ عمران خان کے چاہنے والے پوری قوت کیساتھ کھڑے ہیں ، آمد الیکشن میں پارٹی بھرپور طاقت سے الیکشن میں جائے گی۔
صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے متحد و منظم ہو کر پارٹی کی مضبوطی اور آمدہ الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک موڑ پر کھڑا ہے
،ایران میں جو کچھ ہوا اور سپریم لیڈر کو شہید کیے جانے کا واقعہ ہو یا افغانستان کی صورتحال، خطہ شدید عدم استحکام کا شکار ہے،ایسے حالات میں عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو پاکستان سمیت امت مسلمہ کی بہترین نمائندگی کر سکتے ہیں ، ایک جرات مند اور ویژنری لیڈر ہی جاندار آواز بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام کیسز بوگس ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ان کے کیسز نہیں سنے جا رہے ، عمران خان کے خلاف نو مئی اور توشہ خانہ کیسز کے حالیہ ضمانتوں کی فیصلہ جات نے بے بنیاد مقدمات کو بے نقاب کر دیا ،
مقامی عدالت کے فیصلے میں واضح کیا گیا کہ نو مئی کیسز اور توشہ خان کیس میں پولیس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ، آخر کب تک عمران خان جھوٹے اور بوگس کیسز میں نا حق قید رکھا جائے گا۔
سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ حالات و واقعات نے ثابت کیا کہ عمران خان ایک نڈر و بہادر لیڈر ہے جس نے بطور وزیر اعظم پاکستان ایسے فیصلے کیے جنھوں نے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا ، قوم کا وقار بلند کیا اور پاکستان کو بڑے چیلنجز سے محفوظ رکھا ۔
سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فوری علاج کیلئے شفا ہسپتال منتقل کیا جائے ، ان کی کیسز کو سنا جائے اور میرٹ پر ان کیسز کے فیصلے کیے جائیں ، پاکستان کے عدم استحکام سے نکالنے کیلئے عمران خان کی رہائی ناگزیر ہے ، عمران خان کے بغیر سیاسی و معاشی استحکام ناممکن ہے۔