بھمبر میں ایمرجنسی رسپانس اور فائر سیفٹی کی عملی مشقیں شروع
بھمبر(کشمیر ایکسپریس نیوز)ملکی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھمبر میں مورخہ 04 مارچ کو ایمرجنسی ریسپانس، فائر سیفٹی، میڈیکل امداد اور ہنگامی انخلاء (Evacuation) پلان سے متعلق عملی مشقوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدامات ڈائریکٹر جنرل SDMA سعید الرحمٰن قریشی اور ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سول ڈیفنس کے باہمی تعاون سے پائلٹ ہائی سکول گراؤنڈ میں منعقد کیے گئے۔
اس اقدام کا مقصد عوام، خصوصاً طلبہ کو ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ذہنی اور عملی طور پر تیار کرنا ہے۔
تربیتی سرگرمیوں کے دوران ریسکیو 1122 کی ٹیم نے طلبہ کو ہنگامی حالات میں فوری ردعمل، فرسٹ ایڈ، سی پی آر اور دیگر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے عملی طریقے سکھائے۔
آگ لگنے کی صورت میں آگ پر قابو پانے، فائر ایکسٹینگشر کے درست استعمال اور محفوظ انداز میں عمارت خالی کرنے کی مشق کروائی گئی۔
طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ عملی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور خود حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے دکھایا۔
اس موقع پر آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، عارضی کیمپ قائم کرنے، متاثرین کی رجسٹریشن اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق موک ایکسرسائز بھی کی گئی۔
جنگ سے قبل اور دورانِ جنگ احتیاطی تدابیر، محفوظ پناہ گاہوں کے انتخاب، افواہوں سے بچاؤ اور بروقت اطلاع رسانی کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تاکہ کسی بھی غیر یقینی صورتحال میں گھبراہٹ کے بجائے منظم حکمت عملی اپنائی جا سکے۔
فائر اینڈ ریسکیو 1122آفیسر حماد طارق نے عملی مشقوں کی نگرانی کی، سول ڈیفنس آفیسر عبدالرؤف نے حفاظتی اقدامات پر سیشن دیا جبکہ انچارج DDMA مبشر مشتاق نے جنگی صورتحال میں تیاری اور عوامی آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پائلٹ سکول کے طلبہ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق ایسی مشقوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ ضلع بھمبر کے عوام ہر ہنگامی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر باخبر اور تیار رہیں۔