کوٹلی،ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے موک ایکسرسائزکا انعقاد
کوٹلی (کشمیر ایکسپریس نیوز)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹلی میں ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے و ریسکیو 1122 کی ہدایات کے مطابق ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے “موک ایکسرسائز” کا انعقاد کیا گیا۔
اس تربیتی سرگرمی کی نگرانی ریسکیو آفیسر کوٹلی ماجد رزاق نے کی جبکہ ریسکیو 1122 کوٹلی کی ٹیم نے سکول کی طالبات اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کو ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت فراہم کی۔
موک ایکسرسائز کے دوران طالبات اور سکول سٹاف کو مختلف ہنگامی صورتحال، خصوصاً آگ لگنے، زلزلے اور دیگر حادثات کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل دینے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے شرکاء کو بیسک لائف سپورٹ، ابتدائی طبی امداد اور محفوظ انخلا (ایویکوایشن) کے عملی طریقے بھی سکھائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ریسکیو آفیسر ماجد رزاق نے کہا کہ ایسی تربیتی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد معاشرے کے ہر فرد کو ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور درست ردعمل دینے کے قابل بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک یا قوم کو قدرتی آفات یا دیگر ہنگامی حالات کا سامنا ہو تو تربیت یافتہ افراد انسانی جانوں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 اور حکومت کے متعلقہ ادارے نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں بلکہ عوام میں آگاہی اور تربیت کے ذریعے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
تربیت یافتہ مرد و زن کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو مشکل گھڑی میں اپنی اور دوسروں کی جان بچانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
سکول انتظامیہ اور طالبات نے ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کی جانے والی عملی تربیت کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سیکھے گئے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گی۔