حلقۂ خواتین جماعت اسلامی کے وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات

حلقۂ خواتین جماعت اسلامی کے وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات، آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقۂ خواتین جماعت اسلامی عائشہ سید کی قیادت میں حلقۂ خواتین کا ایک وفد پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جناب رضا امیری مقدم سے ملا اور ایران کے عظیم مذہبی و روحانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت پیش کی۔

 

ڈپٹی سیکرٹری جنرل عائشہ سید نے اس موقع پر کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شخصیت امت مسلمہ کے لیے حوصلے، استقامت اور حق گوئی کی علامت تھی۔

 

ان کی شہادت نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ انہوں نے ہمیشہ امت کے اتحاد، مظلوموں کی حمایت اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی جدوجہد، بصیرت اور قیادت کو تاریخ ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔

وفد کے ممبران نے کہا کہ ہم اس المناک سانحے پر ایرانی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے اور لواحقین و ملتِ ایران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عظیم رہنما قوموں کے لیے چراغِ راہ ہوتے ہیں اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کا پیغام اور ان کی قربانی امت مسلمہ کو حق و انصاف کے راستے پر ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیتی رہے گی۔

 

اس موقع پر وفد میں ناظمہ اسلام آباد قدسیہ ناموس، رکن شوریٰ اسلام آباد نزہت بھٹی اور ڈاکٹر راحیلہ ارم (نگران آئی ٹی اسلام آباد) بھی شریک تھیں۔#

حلقۂ خواتین جماعت اسلامی کے وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات
Comments (0)
Add Comment