فہدراٹھور کی جانب سےوزیراعظم اورصحافیوں کے اعزازمیں افطارڈنر

فہد راٹھور کی جانب سےوزیراعظم اورصحافیوں کے اعزاز میں پرتکلف اور پروقار افطار ڈنر

 

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) سی ای او خواجہ کارپوریشن راجہ فہد راٹھور کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ،وزراء کرام ، آل کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی،کشمیر جرنلسٹس فورم کے منتخب ارکان، ایڈیٹرز،کشمیر بیٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ارکان اور ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندگان کے اعزاز میں پرتکلف اور پروقار افطار ڈنر دیا گیا۔

 

 

افطار ڈنر میں مشیر حکومت سردار احمد صغیر، رکن اسمبلی جاوید بٹ، سابق رکن اسمبلی راجہ مسعود ممتاز راٹھور،ممبر کشمیر کونسل راجہ شجاع خورشید راٹھور، سابق مشیر راجہ مبشر اعجاز، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال، پولیٹیکل و میڈیا اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی، ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، چییرمین علماء و مشائخ صاحبزادہ ذوالفقار علی،پریس سیکرٹری آصف علی راٹھور،پبلک ریلیشن آفیسرز سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد نے شرکت کی۔

 

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور جب افطار ڈنر میں پہنچے تو شرکاء نے کھڑے ہو کر انکا استقبال کیا ۔۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا نمائندگان کے ساتھ غیر رسمی گفتگو بھی کی اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آزاد، ذمہ دار اور مثبت صحافت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتا ہے اور ریاستی امور، عوامی مسائل اور حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں صحافیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ صحافی برادری نے ہمیشہ مشکل حالات میں بھی حقائق کو عوام کے سامنے لانے اور جمہوری اقدار کے فروغ میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ آزادی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے اور ایسے مواقع معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کا باعث بنتے ہیں۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ میڈیا اور حکومت مل کر ریاست میں ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

 

 

افطار ڈنر کے شرکاء نے اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے صحافی برادری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے حکومت اور میڈیا کے درمیان روابط کے فروغ کی مثبت کاوش قرار دیا۔ شرکاء نے مختلف قومی، علاقائی اور صحافتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

فہدراٹھور کی جانب سےوزیراعظم اورصحافیوں کے اعزازمیں افطارڈنروزیراعظم کاصحافیوں کے اعزاز میں پرتکلف اور پروقار افطار ڈنر
Comments (0)
Add Comment