ایران کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے، نیتن یاہو کا اعلان
تل ابیب(انٹرنیشنل نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں اسرائیل ایران کے نظام اور اس کے حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھے گا۔
نیتن یاہو نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ایران کے حوالے سے نرمی برت رہے ہیں۔ انہوں نے اردوان پر کرد شہریوں کے خلاف اقدامات کا بھی الزام لگایا۔
اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اسلام آباد میں جاری ہیں، جن سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے غزہ میں مبینہ جنگی جرائم کے سلسلے میں مطلوب قرار دیا جا چکا ہے، جس کے باعث ان پر عالمی سطح پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بیان خطے میں جاری سفارتی کوششوں پر اثرانداز ہو سکتا ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔