بورڈ آف انویسٹمنٹ کا ون ونڈو سہولت مرکز، بیک وقت 40کاؤنٹرز کام کریں گے،عبدالعلیم خان
اسلام آباد(رازق بھٹی)بورڈ آف انویسٹمنٹ کے زیر اہتمام بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے
جہاں کاروبار کرنے والوں کوون ونڈو سہولیات حاصل ہوں گی اور بزنس سے متعلق تمام محکموں کے مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہوں گے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اورمواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں زیر تعمیر بزنس سہولت مرکز کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا
جہاں انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور سی ڈی اے کے اشتراک سے اس کاروباری مرکز کے معیار اور جلد از جلد تعمیر کو یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بزنس سہولت مرکز کے لے آؤٹ پلان میں تبدیلی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر میں کاروباری افراد کے مسائل کے حل کے لئے بیک وقت 40کاؤنٹرز کام کریں گے
اور مقصد کیلئے یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل قابل نوجوانوں کو بہتر پیکج پر آفیسرز رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت مرکز کو ایک ماڈل ادارہ ہونا چاہیے کیونکہ بعد میں اس طرح کے مزید مراکز بھی بنائے جائیں گے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے علاوہ اس سینٹر میں دیگر صوبوں کے بزنس مینوں کو بھی سہولتیں ملنی چاہئیں
اور بورڈ آف انویسٹمنٹ روائتی طریقوں سے ہٹ کر بزنس کمیونٹی کی مدد کے لئے عملی طور پر کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کی بلڈنگ کو جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے جہاں انٹر نیٹ سمیت سینٹر میں آنے والے کاروباری افراد کے لئے بہترین کافی شاپ کی سہولت بھی موجود ہو۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کو چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بزنس سینٹر کی تعمیر پر بریفنگ دیتے ہوئے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ ہدایات کے مطابق اس منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالرحیم قریشی اور سینئر افسران نے اس زیر تعمیر بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرکے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی
جس پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لئے اس مرکز کو زیادہ سے زیادہ وسیع اور آرام دہ بنائیں جہاں گاڑیوں کی پارکنگ سمیت کاروباری افراد کو مشکلات پیش نہ آئیں۔ ٭٭٭