ہندوستان امن کے نام پرناٹک کرتاہے،کشمیری نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے، انوارالحق
مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں
وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی امیدوں
کا مرکز ہے ۔مضبوط اور ناقابل تسخیر دفاع سے سیز فائر لائن کے اس پار لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان خطے میں انتہا پسندانہ رحجانات کا مرکز بنتا جارہا ہے۔ کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔ کشمیری بدترین بھارتی ظلم و بربریت کے سامنے نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے تمام تر دباو کو مسترد کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے۔ یوم تکبیر کے موقع پرا پنے پیغام میں وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ ہمیں اپنی افواج پاکستان پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ ہمیں کبھی مایوس نہیں کریگی۔ اگر ہندوستان اپنی جارحیت سے باز نہ آیاتواس کے نتائج بہت بھیانک ہو نگے ۔ ہمیں اپنی دفاعی صلاحیت کو مضبوط سے مضبوط کرنا ہے تاکہ دشمن ہماری طرف دیکھنے سے پہلے سو بار سوچے۔ ہندوستان امن کے نام پر ناٹک کرتا ہے اور اسکے سارے معاہدے زبانی اور دنیا کوبیوقوف بنانے کیلئے ہیں، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا سیز فائر لائن پر امن نہیں ہوسکتا۔