فیصل ممتاز راٹھور کی گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
پشاور(کشمیر ایکسپریس نیوز) آزادجموں وکشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے گورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے ۔
وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے گورنر کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اتحادی حکومت لوگوں کی فلاح وبہبود کیلیے سرگرم عمل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 10 ارب کی لاگت سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جس سے معاشرے کے بے سہارہ افراد کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی
جبکہ 5 ارب کی لاگت سے بیروزگاری فنڈ قائم کیا جا رہا ہے جس سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ بیروزگاری سے نجات حاصل کریں ۔
انہوں نے کہا کہ ایک ارب کی لاگت سے تعلیمی وظائف فنڈ قائم کیا جارہا ہے تاکہ ایسے بچے اور بچیاں جو باصلاحیت ہیں اور پیسوں کی کمی کے باعث تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے کو تعلیمی وظائف دئیے جائیں تاکہ وہ تعلیم جاری رکھ سکیں ۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے آفیسرز اور اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا
اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی پاک فوج کی پشت پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کے تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی
انشاءاللہ کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کریں گے ۔انہوں نے شہداء کشمیر کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا