آزاد کشمیر: عام انتخابات کے شیڈول کے بعد سیاسی سرگرمیاں عروج پر، راجہ فاروق حیدر کا چکوٹھی و گوہر آباد میں خطاب
مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد انتخابی مہم نے زور پکڑ لیا ہے۔ عوام میں جوش و خروش دیدنی ہے اور مختلف اضلاع میں کارنر میٹنگز، جلسے جلوس اور شمولیت پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جہلم ویلی کے علاقے چکوٹھی اور گوہر آباد میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاک فوج کو اپنا محافظ اور مددگار سمجھتے ہیں۔ ہندوستان آزاد کشمیر میں حالات خراب کرنا چاہتا ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے میجر گورو آریہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہتا ہے آزاد کشمیر میں لوگ ہمارے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو اگر کوئی مسئلہ ہے تو بیٹھ کر بات کرے، ریاست کو بلیک میل نہیں کرنے دیں گے۔
سابق وزیراعظم نے 9 جون کی کال پر کہا کہ عوام 9 جون کو پرامن رہیں۔ آزاد کشمیر کے اندر افراتفری اور انتشار کی سیاست کسی بھی طریقے سے درست عمل نہیں۔ یہاں ایک نظام ہے جس کے تحت یہ سارے معاملات چل رہے ہیں۔ کچھ لوگ اس ریاست کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں۔ مہاجرین کی سیٹیں ختم کرنا ریاست کی ہیت ترکیبی کو تبدیل کرنے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی نے دھاندلی سے جو نظام لایا اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ موقع ملا تو انشاءاللہ ریاست کی تعمیر و ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں 2021 میں رکا تھا۔ مسلم لیگ نون انشاءاللہ سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
اجتماعات سے چوہدری محمد رشید، فیصل جاوید، سجاول خان، مرزا آصف اور شیخ صادق لیاقت علی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔