مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی صدارت میں پری بجٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری، ترقیاتی منصوبوں، عوامی ضروریات اور مختلف شعبہ جات سے متعلق تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر میاں وحید ،وزراء حکومت سردار جاوید ایوب ،چوہدری قاسم مجید،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ عاطف رحمان ،پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان ،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف اور سٹاف آفیسر صاحبزادہ یونس نے شرکت کی ۔
اجلاس میں حکومت کی ترقیاتی ترجیحات، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال پر غور کیا گیا۔مختلف تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر زور دیا گیا کہ بجٹ کو عوامی توقعات اور ریاست کی ترقیاتی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک ایسا متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے لیے کوشاں ہے جو عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور ریاست کی پائیدار ترقی کو یقینی بنا سکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجٹ سازی کے عمل میں عوامی فلاح، شفافیت اور ترقیاتی ترجیحات کو مقدم رکھا جائے تاکہ ریاست کے تمام علاقوں کو ترقی کے ثمرات یکساں طور پر پہنچ سکیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر، جامع اور حقیقت پسندانہ بجٹ سازی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔