مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)ترجمان آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول میں ترمیم کر دی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2020 کی دفعہ 37 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے انتخابی شیڈول میں ترمیم کر دی ہے۔ ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 23 جون 2026 بوقت شام 05:00 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مورخہ 24 جون 2026 کو صبح 08:00 بجے سے شروع ہو گی اور اسی روز ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے درست امیدواران کی فہرست شائع ہو گی۔ امیدواران کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر ان کے فیصلہ کے خلاف مورخہ 25.06.2026 تا 28.06.2026 (دن 02:00 بجے سے پہلے الیکشن کمیشن کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ الیکشن کمیشن مورخہ 29.06.2026، 30.06.2026 صبح 09:00 بجے سے شام 04:00 بجے تک اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ مورخہ 01.07.2026، 02.07.2026 تک اپیلوں پر فیصلہ جات کئے جائیں گے۔ امیدواران مورخہ 03.07.2026 دن 02:00 بجے سے پہلے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے مورخہ 04.07.2026 کو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کی فہرست شائع کی جائے گی۔ مورخہ 05.07.2026 دن 02:00 بجے سے پہلے امیدواران کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے اور اسی روز انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کی حتمی فہرست معہ انتخابی نشانات شائع کی جائے گی۔ پولنگ کا دن مورخہ 27 جولائی 2026ء ہی رہے گا۔ مورخہ 16 جون 2026 کو ضلع پونچھ (راولاکوٹ) کی عوام کی سہولت کے لئے پونچھ ہاؤس میں کاغذات نامزدگی اور ان کی جانچ پڑتال کے لئے عارضی طور پر انتظام کرنے کی تجویز زیر غور تھی تاہم ضلع پونچھ (راولاکوٹ) کے متوقع امیدواران نے ضلع پونچھ (راولاکوٹ) کے جملہ حلقہ جات کے لئے نامزدگی فارمز اور جانچ پڑتال ضلع پونچھ (راولاکوٹ) کے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر صاحبان کے روبرو وہیں جمع کروانے کی تجویز دی ہے جس پر الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے تجویز کو پذیرائی بخشتے ہوئے نامزدگی فارمز داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ ضلع پونچھ (راولاکوٹ) کے تمام امیدواران اپنے کاغذات نامزدگی حسب معمول متعلقہ حلقہ انتخاب کے ریٹرننگ افسران کے پاس ضلع پونچھ (راولاکوٹ) میں ہی جمع کروائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے روبرو ضلع پونچھ (راولاکوٹ) میں انجام پائے گی۔ تمام امیدواران سے درخواست ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت کے اندر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروانا یقینی بنائیں۔
******