شاندارکارکردگی انتخابات میں کامیابی کی ضمانت:فیصل راٹھور

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرار دادوں میں کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مصالحتی عمل میں پاکستان کے غیر معمولی، موثر اور تاریخی سفارتی کردارکو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کر تا ہے۔ اجلاس اس اہم پیش رفت جسے اسلام آباد ڈیکلریشن کا نام دیا گیا، کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت، دانشمندانہ حکمت عملی اور کامیاب سفارتی کاوشوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے، اس کامیابی سے نہ صرف پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوابلکہ پوری امت مسلمہ میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے بھی ایک مثبت مثال قائم ہوئی۔ ہر پاکستانی اور ہر کشمیری اس قومی کامیابی پر فخر محسوس کرتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اجلاس بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل اور سنگین خلاف ورزیوں، بے گناہ شہریوں کی گرفتاریوں، ماورائے عدالت کارروائیوں، اظہار رائے پر پابندیوں، میڈیا پر قدغنوں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حق حق خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، مگر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔اجلاس اقوام متحدہ،او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لیے موثر اقدامات کریں۔قراردادمیں مزید کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس مظفرآباد میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لیے اپنی جانیں نثار کرنے والے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کر تا ہے۔ وطن کے دفاع، عوام کی خدمت اور قومی سلامتی کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعث فخر رہیں گی اور پوری قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔قرارداد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس مردان میں تربیتی طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہارکرتا ہے جس میں فلائیٹ لیفٹیننٹ طہٰ عباسی نے شہادت کا مرتبہ حاصل کیا۔ کابینہ اجلاس شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتاہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس آزادجموں وکشمیرمیں امن وامان کی بحالی کے دوران چار بہادر پولیس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔ کابینہ کا اظہار ہے کہ ریاست میں امن و امان کے قیام، قانون کی بالا دستی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کرلیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور ان کی خدمات ہمیشہ ریاست کی تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس عباس پور میں پیش آنے والے المناک واقعہ جس میں تین افراد مٹی کے تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتا ہے، اللہ پاک مرحومین کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود،گڈ گورننس، شفاف طرز حکمرانی، ترقیاتی منصوبوں،انفراسٹرکچر کی بہتری، تعلیم، صحت، روزگار، ریاستی اداروں کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتا ہے۔بنا بریں اجلاس بجاطور پر امید کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور کی یہ شاندار کارکردگی آئندہ انتخابات میں کامیابی کی ضامن ہوگی۔

شاندارکارکردگی انتخابات میں کامیابی کی ضمانت:فیصل راٹھور
Comments (0)
Add Comment