سردارعمیر نعیم حلقے میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے،شیری رحمان

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے نکیال میں پولنگ کے دوران فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ دو کارکن زخمی ہوئے، جو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔

اپنے بیان میں شیری رحمان نے الزام عائد کیا کہ حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم نے خوف و ہراس کی فضا قائم کر رکھی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دس روز سے حلقے میں تشدد کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، تاہم اب تک متعلقہ امیدوار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہار کے خوف میں قیمتی انسانی جانوں کو ضائع کرنا ناقابلِ قبول ہے اور ایسے واقعات جمہوری عمل کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

شیری رحمان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا فوری نوٹس لے اور انتخابی عمل پر تشدد اور دھونس کے ذریعے اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مختار یونس کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ انتخابی عمل کو پرامن، شفاف اور غیر جانبدار بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، جبکہ سیاسی اختلاف کو تشدد میں بدلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔

آخر میں شیری رحمان نے مختار یونس کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، جبکہ زخمی کارکنوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

تفصیلات کمنٹ میں #ppp #pmln #ajknews #electionsسردار عمیر نعیم حلقے میں خون کی ہولی کھیل رہا ہےشیری رحمان
Comments (0)
Add Comment