نیشنل چیمپئنز کپ کا شیڈول جاری، ورلڈ کپ تیاریوں کا آغاز

نیشنل چیمپئنز کپ کا شیڈول جاری، ورلڈ کپ تیاریوں کا آغاز

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور سکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ ون ڈے فارمیٹ پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے ذریعے ڈومیسٹک سیزن 2026-27 اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ڈے نائٹ مقابلوں کا آغاز دوپہر 3 بجے ہوگا۔ ایونٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے چاروں ٹیموں کے لیے 11،11 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈز تشکیل دیے ہیں، جبکہ 13 کھلاڑیوں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔ انجری یا کنکشن کی صورت میں ٹیمیں ریزرو کھلاڑیوں کو میدان میں اتار سکیں گی۔

شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کو ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ ٹیموں کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم میں عبدالصمد، حیدر علی، معاز صداقت اور محمد نواز شامل ہیں۔ صاحبزادہ فرحان کی ٹیم میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت کو شامل کیا گیا ہے۔

صائم ایوب کی ٹیم میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق نیشنل چیمپئنز کپ کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں عالمی مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔

پی سی بی کے عہدیدار عاقب جاوید نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑی ون ڈے کرکٹ میں اپنے مقررہ کردار کے مطابق کھیلیں گے تاکہ قومی ٹیم کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکے۔

نیشنل چیمپئنز کپ کا شیڈول جاریورلڈ کپ تیاریوں کا آغاز
Comments (0)
Add Comment