الیکشن کے نام پر سلیکشن کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا

الیکشن کے نام پر سلیکشن کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا، پولنگ اسٹیشنز کی ویرانی عوامی فیصلے کا ثبوت ہے: سردار عبد القیوم نیازی

صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں آج ہونے والے انتخابات نے یہ حقیقت پوری دنیا پر آشکار کر دی ہے کہ کشمیری عوام نے الیکشن کے نام پر ہونے والی سلیکشن کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ میرپور ڈویژن کے بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر انتہائی کم ٹرن آؤٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام موجودہ انتخابی عمل پر اعتماد کھو چکے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے موجودہ حالات ،شفافیت کے فقدان اور عوامی مینڈیٹ کو نظرانداز کیے جانے کے باعث ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اصولی فیصلہ کیا تھا، اور آج کے حالات نے ہمارے مؤقف کو درست ثابت کر دیا ہے۔ جب سب سے بڑی عوامی سیاسی جماعت انتخابی عمل سے باہر ہو اور عوام بھی ووٹ ڈالنے سے گریز کریں تو ایسے انتخابات کسی صورت عوامی رائے کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔
سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ ایک طرف پولنگ اسٹیشنز ویران ہیں جبکہ دوسری جانب عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔ یہ منظر اس بات کا واضح اعلان ہے کہ حکمران جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں اور اقتدار کی بندربانٹ میں مصروف ہیں، جبکہ عوام اپنے حقوق، انصاف اور حقیقی نمائندگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف ووٹنگ کا نام نہیں بلکہ عوامی اعتماد، شفاف انتخابی عمل، مساوی سیاسی مواقع اور حقیقی عوامی مینڈیٹ کا نام ہے۔ ان بنیادی اصولوں کے بغیر ہونے والے انتخابات نہ جمہوریت کو مضبوط بنا سکتے ہیں اور نہ ہی عوام کے فیصلے کی عکاسی کر سکتے ہیں۔صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے کہا کہ آج کشمیری عوام نے اپنی خاموش مگر دوٹوک رائے کے ذریعے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ نمائشی اور غیر شفاف انتخابی عمل کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر عوام کے حقِ رائے دہی، آزادانہ انتخابات اور حقیقی جمہوری نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ الیکشن کمیشن سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز عوامی رائے کا احترام کریں ، کم ٹرن آوٹ عوام کا خاموش احتجاج ہے جسے نظر انداز نہ کیا جائے ، مظاہرین بامقصد اور بامعنی مذاکرات کیے جائیں ، حالات سازگار بنائیں جائیں اور پھر ایک ساتھ پورے آزاد کشمیر میں فوری فئیر الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ ایسے الیکشن اور جعلی نتائج کو عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔

الیکشن کے نام پر سلیکشن کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا
Comments (0)
Add Comment