مزار اقبال پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے کی تعیناتی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کے تمام بیسز پر یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جن میں پاکستان اور مسلم امہ کی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی گئی۔
بعد ازاں مزار اقبال پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے کی تعیناتی کی تقریب منعقد کی گئی۔ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے ستلج رینجرز کی جگہ مزار اقبال پر حفاظتی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی کورنگی کریک تھے۔ مہمان خصوصی نے سربراہ پاک فضائیہ، آفیسرز، ائیر مین اور سویلین حضرات کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔