روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 23ویں سالگرہ کی تقریبات تیسرے روز بھی بھرپور جوش وخروش سے جاری
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 23ویں سالگرہ کی تقریبات تیسرے روز بھی بھرپور جوش و خروش سے جاری رہیں۔
اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) کے صدر و ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان، حریت رہنما و پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن کی چیئر پرسن مشعال ملک، دختر یاسین ملک رضیہ سلطانہ کے پی پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار خادم طاہر، ممتاز سیاسی رہنما سردار افتخار مرکزی کوآرڈینیٹر سردار وحید اکرم، مرکزی سیکرٹری مالیات سردار راشد رشید او رسردار عاصم آصف نے شرکت کی۔
مہمانانِ خصوصی نے چیف ایڈیٹر سردار زاہد تبسم، ایڈیٹر شمیم اشرف اور ان کی ٹیم کے ہمراہ روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی 23 سالہ کامیاب صحافتی journey کے اعتراف میں کیک کاٹا، دلی مبارکباد پیش کی، اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے کے پی پی کے سربراہ سردار حسن ابراہیم خان نے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اخبار آزادکشمیر کی سب سے معتبر، عوامی اور بااعتماد آواز بن چکا ہے، جس نے تحریکِ آزادی کشمیر کے موقف کو بے باکی سے اجاگر کیا اور عوامی مسائل کو جرات مندی سے بلند کیا۔
انہوں نے جے کے پی پی کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی تحریکِ آزادی کشمیر کو ایک عوامی اور جائز حق سمجھتی ہے اور اس کی حمایت ہماری جماعت کے بنیادی نظریے کا حصہ ہے۔ ہم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن، پائیدار اور منصفانہ حل کے حامی ہیں۔ ریاست کی وحدت، تشخص اور تاریخی حیثیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”سردار حسن ابراہیم نے کہا کہ ریاستی ادارے ہمارے اکابرین کی امانت ہیں، ان کا تحفظ ہر باشعور کشمیری کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ارکانِ اسمبلی کی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں سیاسی بے چینی، ادارہ جاتی کمزوری، اور تعمیر و ترقی کا عمل شدید متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارلیمانی جماعتیں محض اقتدار کی سیاست میں الجھی ہوئی ہیں، جس سے عوامی مفادات اور تحریکِ آزادی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر سردار زاہد تبسم اور ان کی ٹیم کو صحافت میں ان کے عزم، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ معیار پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر کا میڈیا، خاص طور پر کشمیر ایکسپریس، تحریک آزادی اور عوامی حقوق کی آواز بن کر اپنا کردار ادا کرتا رہے
حریت رہنما مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر ایکسپریس صرف ایک اخبار نہیں، یہ مظلوموں کی زبان، حریت کی پکار، اور اُس خواب کی تعبیر ہے جو ہر کشمیری کی آنکھ میں روشنی بن کر چمکتا ہے۔ میری طرف سے زا ہد تبسم اور ان کی پوری ٹیم کو سلام اور دل کی گہرائیوں سے سالگرہ مبارک یہ سفر قلم سے قوم تک جاری رہے۔ قلم اٹھے تو صداقت کی روشنی لکھے،یہ حرف حرف ہے آزادی کی گواہی، لکھے۔