بھارتی جارحیت،پاک بحریہ متحرک، لڑاکا جہاز سمندر میں اتار دیے

بھارتی جارحیت کے خدشے پر پاک بحریہ متحرک، لڑاکا جہاز سمندر میں اتار دیے

 

بھارتی جارحیت کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پاک بحریہ نے اپنے لڑاکا جہاز سمندری حدود میں تعینات کر دیے ہیں۔ پاکستان نیوی کا کہنا ہے کہ دشمن کے عزائم بھانپتے ہوئے اپنے جہاز مخصوص مقامات پر پہنچا دیے گئے ہیں اور کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

 

ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ بھارتی بحریہ کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کے بقول بھارت کی جانب سے طیارہ بردار جہاز، ڈیسٹرائیرز، فریگیٹس اور اینٹی آبدوز جہاز پاکستانی ساحل سے 300 سے 400 ناٹیکل میل دور تعینات کیے گئے ہیں، تاہم بھارتی بحریہ کی موجودہ صلاحیت پاکستان کے لیے کوئی بڑا خطرہ نہیں۔

 

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت قابل فہم ضرور ہے لیکن اس سے پاک بحریہ کی تیاریوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس موقع پر ترجمان نے اس بھارتی پروپیگنڈے کو بھی مسترد کیا جس میں کراچی بندرگاہ پر حملے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا گیا تھا۔

 

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی میزائل رینج سے متعلق خبریں گمراہ کن ہیں، اور اگر بھارتی نیوی نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا، تو اسے بحیرہ عرب میں غرق کر دیا جائے گا۔

 

ادھر برطانوی اخبار ’ٹیلی گراف‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے اپنے سپرسانک کروز میزائلوں سے لیس جنگی جہاز پاکستان کی طرف روانہ کیے ہیں، جن میں روسی ساختہ براہموس میزائل شامل ہیں۔

 

پاک بحریہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ جیسے پاک فضائیہ نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، ویسے ہی بحریہ بھی کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کو تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی جہاز اس وقت اس حد تک قریب نہیں کہ وہ پاکستان کو براہ راست نشانہ بنا سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.