قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس و لیویز اہلکاروں سمیت 10جاں بحق
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے علاقہ قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس و لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایس پی قلات دوستین دشتی نے بتایا کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں پولیس کا ایک سب انسپکٹر، 4 لیویز اہلکار اور 5 شہری شامل ہیں،
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن سلسلہ جاری ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ قومی شاہراہ اور شہر میں مسلح افراد رات سے پولیس کے ساتھ مقابلے میں ملوث تھے،
اس دوران مسلح افراد نے جیونی میں بھی پولیس تھانے پر حملہ کیا، حملہ ایرانی سرحد سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھانے پر کیا گیا،
حملے میں پولیس تھانے کے ساتھ کھڑی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
بتایا گیا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں ہی کولپور اور مچھ کے درمیان ریلوے پل کو بھی دھماکے سے تباہ کر دیا گیا
جس کے باعث کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی ٹرینیں بند کر دی گئیں، لیویز ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بائی پاس کے علاقے میں بھی ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکہ ہوا جس سے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا،
نامعلوم افراد نے ٹریک کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔علاوہ ازیں ہ صوبہ بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں گاڑیوں سے اتار کر شناخت کے بعد 23 افراد کو قتل کردیا گیا،
ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی نے بتایا کہ تمام افراد کو ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا،
مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگا کر مسافروں کو بسوں سے اتارا، مسلح افراد نے 10 گاڑیوں کو بھی آگ لگادی،
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور لیویز اہلکارون نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا۔
Comments are closed.